ابنا: ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں چیئرمین حریت (گ) سید علی گیلانی نے نیشنل کانفرنس کے سرپرست ڈاکٹرفاروق عبداﷲ کے دفعہ 370 کے بارے میں دئے گئے بیان کو مضحکہ خیز اور دھوکہ دہی کی سیاست قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دفعہ 370 اب صرف کاغذوں میں محفوظ ہے اور فاروق عبداﷲ کے باپ نے اس دفعہ کو 75ء میں اس وقت ہمیشہ کے لیے زمین بُرد کردیا، جب اس نے وزیر اعظم کے بجائے وزیر اعلیٰ بننے پر آمادگی ظاہر کی اور خون سے سینچی تحریک محاذ رائے شماری کو کُرسی کے عوض سرینڈر کردیا۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی یقیناً ایک فرقہ پرست شخص ہیں، البتہ فاروق عبداﷲ کی پارٹی نے جس کانگریس کے ساتھ آج ہاتھ ملایا ہے، وہ مسلم دشمنی میں مودی سے کچھ بھی کم نہیں ہے اور کانگریس پارٹی کے دورِ اقتدار میں بھارت میں سب سے زیادہ مسلم کُش فسادات ہوئے ہیں اور بابری مسجد سمیت کئی مساجد کو مسمار کیا گیا ہے۔
سید علی شاہ گیلانی نے کہا کہ فاروق عبداﷲ ووٹ بٹورنے کے لیے آج نریندر مودی کو پانی پی پی کر کوستے ہیں، جبکہ کل وہ ان کے اتحادی رہے ہیں اور فاروق عبداﷲ کا بیٹا بی جے پی کی حکومت میں اس وقت بھی ایک وزیر کی حیثیت سے کام کرتا تھا، جب گجرات میں 3 ہزار کے لگ بھگ بے قصور مسلمانوں کو مودی نے موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔
.......
/169